
سردار اجے پال سنگھ بنگا کا خصوصی دورۂ خوشاب: عالمی اعتماد، مقامی امکانات اور ترقی کی نئی راہیں
خوشاب کی سرزمین حالیہ دنوں ایک ایسے تاریخی لمحے کی گواہ بنی جس نے نہ صرف ضلع بلکہ پورے خطے کی ترقیاتی سمت کو نئی جہت عطا کی۔ صدر ورلڈ بینک سردار اجے پال سنگھ بنگا کا خصوصی دورۂ خوشاب محض ایک رسمی یا پروٹوکول نوعیت کا دورہ نہیں تھا بلکہ یہ عالمی مالیاتی اداروں کے پاکستان، خصوصاً پسماندہ اور نیم شہری علاقوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
سردار اجے پال سنگھ بنگا کا شمار دنیا کے ممتاز مالیاتی ماہرین اور پالیسی سازوں میں ہوتا ہے۔ ان کی قیادت میں ورلڈ بینک کا وژن صرف مالی معاونت تک محدود نہیں بلکہ پائیدار ترقی، انسانی وسائل کی بہتری، غربت کے خاتمے اور مقامی معیشتوں کو مستحکم بنانے پر مرکوز ہے۔ ایسے میں خوشاب جیسے ضلع کا انتخاب اس بات کی دلیل ہے کہ عالمی ادارے اب ترقی کے فوائد کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔
خوشاب قدرتی وسائل، زراعت، معدنیات اور افرادی قوت کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ضلع ہے۔ ورلڈ بینک کے صدر کا یہاں آنا اس امر کا عندیہ ہے کہ مستقبل میں خوشاب کو تعلیم، صحت، صاف پانی، ماحولیاتی تحفظ، زراعت کی جدید کاری اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری جیسے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون میسر آ سکتا ہے۔
اس دورے کی ایک اور اہم جہت یہ ہے کہ اس نے مقامی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کو عالمی سطح پر اپنی آواز مؤثر انداز میں پہنچانے کا موقع فراہم کیا۔ مقامی مسائل کو براہِ راست عالمی ادارے کے سربراہ کے سامنے پیش کرنا یقیناً ایک غیر معمولی پیش رفت ہے، جو مستقبل میں عملی منصوبوں کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔
صدر ورلڈ بینک، سردار اجے پال سنگھ بنگا کا پاکستان کا حالیہ دورہ، پنجاب اور امریکن پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دورہ ثابت ہوگا انشاءاللہ۔ صدر ورلڈ بینک کے خصوصی دورہء کی وجہ سےپوری دنیا کی نظریں پاکستان کے ضلع خوشاب پر لگی ہوئی تھیں۔ ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے جب اپنے آباؤ اجداد کی سرزمین پر قدم رکھا تو ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ ممبر صوبائ اسمبلی ملک محمد آصف بھاء کی طرف سے مہمانان گرامی کو علاقائ روایت کے مطابق شال پہنائ گئیں.
سردار اجے بنگا اپنے آبائی گھر ‘گلی سکھ والی’ میں واقع اپنے آباؤ اجداد کی مٹی کی زیارت کرکے ہہت شادماں ہوءے اور ان کی خوشی دیدنی تھی۔ خوشاب وہ سرزمین ہےجہاں ان کے والد لیفٹیننٹ جنرل ہربھجن سنگھ بنگا نے اپنا بچپن گزارا تھا۔
خوشاب کے تاریخی گوردوارہ صاحب میں اس موقع پر عالمی امن کے لیے دعائیں کی گئیں۔ خصوصی دورہء خوشاب کے دوران یہاں کے لوگوں نے اپنی ‘زمین کے بیٹے’ کا استقبال روایتی ڈھوڈا (مٹھائی) پیش کرکے کیا۔
دورہء خوشاب کے دوران سرداراجے بنگا نے مقامی ریسرچرشہزاد اسلم کی خوب پذیرائ کی۔ جس نے ان کے آباواجداد کا کھوج لگایا اور پرانی گرد آلود تاریخ کھنگال کر سامنے رکھ دی۔
دریں اثناء سیاسی، سماجی اور معاشی حلقوں میں اس دورے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس دورے کے ثمرات کو درست منصوبہ بندی، شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کے ساتھ آگے بڑھایا گیا تو خوشاب ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو سکتا ہے۔ یہ دورہ دراصل اس حقیقت کا مظہر ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے نچلی سطح کے اضلاع کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے میں سنجیدہ دلچسپی رکھتی ہے۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ سردار اجے پال سنگھ بنگا کا دورۂ خوشاب ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔










