
پاکستان نے آسڑیلیا کو پہلے ٹوئنٹی میچ میں شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی
پاکستان نے آسٹریلیا کو 3 میچز کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلےبیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، میچ کی پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دلکش شاٹس کھیلے۔تاہم 74 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب ایک اور شاہین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بارلیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم زیادہ کھل کر نہیں کھیل سکی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 36 اور بارلیٹ نے 34 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ گرین شرٹس کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے ٹیم کی قیادت ٹریوس ہیڈ کر رہے تھے جب کہ 3 کھلاڑی نے ڈیبیو کیا جن میں ماہلی بیئرڈمین ، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا شامل ہیں۔پاکستان کی پلئینگ الیون میں صائم ایوب ،صاحبزادہ فرحان ، سلمان علی آغا ،بابر اعظم، فخر زمان ، عثمان خان ،شاداب خان ،محمد نواز، شاہین آفریدی ،سلمان مرزا اورابرار احمد شامل تھے۔











