
بینک الحبیب کا رشید ڈی حبیب گالف ٹورنامنٹ 29 جنوری2026ء سے کراچی گالف کلب میں کھیلا جائے گا
پاکستان میں گالف کے شائقین کی توجہ اس ہفتے کراچی گالف کلب (KGC) پر مرکوز ہوگی جہاں بینک الحبیب کا 15واں رشید ڈی حبیب میموریل نیشنل پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ جمعرات، 29 جنوری 2026 کو شروع ہوگا۔ سو سے زائد اعلیٰ پروفیشنل کھلاڑی گالف کورس میں اتریں گے، جبکہ دفاعی چیمپئن احمد بیگ (پی اے ایف) اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے تیسری بار گرین پر موجود ہوں گے۔
گزشتہ سال احمد بیگ نے شاندار مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 273 (-15) اسکور کارڈ پر فتح اپنے نام کی تھی۔ ان کے قریب ترین حریف محمد زبیر (KGC) نے 275 (-13) اسکور کے ساتھ رنر اپ پوزیشن حاصل کی تھی۔
اس کے ساتھ ساتھ 25واں رشید ڈی حبیب میموریل گالف ٹورنامنٹ 26 اور 27 جنوری کو کراچی گالف کلب کے مقامی پروفیشنلز، سینیئر پروفیشنلز اور کیڈیز کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ پاکستان میں گالف کے مستقبل کو مزید مستحکم کرنے اور تجربہ کار پروفیشنلز اور ابھرتے ہوئے ایمیچرز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے بینک الحبیب پرو-ایم گالف ٹورنامنٹ بھی اپنے دوسرے ایڈیشن کے ساتھ واپس آ رہا ہے۔
ہول ان ون کرنے والے کھلاڑی کو نیشنل کیٹیگری میں ٹویوٹا آلٹس اور لوکل KGC کیٹیگری میں سوزوکی آلٹو بطور انعام دی جائے گی۔ فائنل راؤنڈ اتوار، یکم فروری 2026 کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد تقریب تقسیمِ انعامات منعقد ہوگی۔













