
وزیراعظم کا پاکستان اور میانمار کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور میانمار کے درمیان تجارت اور اقتصادی شراکت داری، تعلیم، ثقافت، استعداد سازی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات میانمار کے وفاقی وزیر برائے خارجہ امور یو تھان سوے سے گفتگو کے دوران کہی، جنہوں نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات میں میانمار کے تعاون کو سراہتے ہوئے آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کی شمولیت کے لیے میانمار کی حمایت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر میانمار کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم اور ان کے وفد کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میانمار کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔میانمار کے وفد نے 28 مارچ 2025 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی بروقت امداد پر بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔











