بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حکومت پاکستانیوں کے لیے قانونی بیرونِ ملک روزگار فراہم کر رہی ہے: چوہدری سالک حسین

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ مؤثر حکومتی پالیسیوں اور عالمی سطح پر فعال روابط کے باعث پاکستانیوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو قانونی، محفوظ اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سات لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی بیرونِ ملک گئے، جن میں خواتین ورکرز کی تعداد میں قابلِ ذکر اضافہ شامل ہے، جو حکومتی اقدامات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پہلی مرتبہ اٹلی نے پاکستان کے لیے 10 ہزار 500 ورکرز کا کوٹہ مختص کیا ہے، جبکہ بیلاروس کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ اس کے علاوہ یورپی اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ جنوبی کوریا میں 70 پاکستانیوں، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، کو روزگار فراہم کیا گیا ہے اور اس پروگرام کی کامیاب پیش رفت کے ساتھ کورین حکومت کے ساتھ تعاون مزید بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویت نے 15 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزے دوبارہ کھول دیے ہیں، جس کے تحت اب تک 1,200 نرسز کو بیرونِ ملک بھجوایا جا چکا ہے، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ورکرز کو قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک بھجوانا پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی مہارت رکھنے والے ورکرز اور مڈل مینجمنٹ سطح کے پروفیشنلز کے لیے خصوصی مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ گھریلو ملازماؤں کے لیے عمر کی حد 35 سال سے کم کرکے 25 سال کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین قانونی طور پر بیرونِ ملک کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تربیت یافتہ افراد کو ہی بیرونِ ملک بھجوایا جائے گا تاکہ پاکستان کی عزت و وقار برقرار رہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ترسیلاتِ زر کے نظام کو آسان بنایا گیا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو مختلف مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کی آمد میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام اوورسیز پاکستانی یکساں طور پر اہم ہیں اور نوجوانوں کو عالمی تقاضوں کے مطابق تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اشتہار
Back to top button