
پی سی بی کا آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو بالترتیب 29 اور 31 تاریخ کو جبکہ تیسرا میچ آئندہ ماہ کی یکم تاریخ کو ہوگا۔
قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نفے، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف جنوری میں کھیلی گئی تین میچز کی سیریز میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اب دونوں کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہو گئی ہے۔
پاکستانی اسکواڈ اور سپورٹ اسٹاف کے ارکان ہفتے کے روز لاہور میں رپورٹ کریں گے، جہاں اتوار سے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ آسٹریلوی ٹیم 28 تاریخ کو پاکستان پہنچے گی۔













