بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط


پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کی۔

اس موقع پر صومالیہ کے وزیرِ داخلہ علی یوسف سے ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک بالخصوص صومالیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔

صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سرحد پار جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر صومالیہ کے وزیرِ داخلہ نے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار اور برادر ملک قرار دیا اور صومالیہ کی آزادی کے بعد سے پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے 1990 کی دہائی میں صومالیہ میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے دوران پاکستانی امن دستوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔


اشتہار
Back to top button