این ڈی ایم اے نے پہاڑی و بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور برفانی تودوں کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا

موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کریں، این او ای سی کی شہریوں کو ہدایت


نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  نے ملک کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این او ای سی) کے مطابق 23تا 29جنوری کے دوران مغربی ہواں کے نئے سلسلے سے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ برفباری اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر لازمی ہو تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریسپانس ٹیمیں اور برف ہٹانے والی مشینری الرٹ رہیں گی جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنائیں۔ مزید برف باری اور شدید سردی کے باعث پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این او ای سی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کریں۔

Exit mobile version