صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا چترال میں برفانی تودہ گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ شدید بارش، برف باری اور اچانک شدید سردی موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی واضح علامات ہیں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موسمی تبدیلیوں کے مطابق پیشگی تیاری اور ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی اقدامات تیز کیے جائیں اور عوام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بروقت معلومات کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے تعاون سے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد کی صورتحال کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

