چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین کی لاہور میں مدت تعیناتی مکمل ہونے پر محکمہ داخلہ پنجاب آمد

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے لاہور میں مدت تعیناتی مکمل ہونے پر محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے الوداعی ملاقات کی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے چینی قونصل جنرل کو لاہور پوسٹنگ کے دوران شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک چین مثالی تعلقات کے فروغ میں چینی قونصل جنرل نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان سے ملاقات کر کے ہمیشہ ایسا محسوس ہوا کہ ایک دیرینہ دوست سے ملاقات ہو رہی ہے۔

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ پاکستان میں 3 سال 9 ماہ کا یادگار اور خوشگوار دور گزارا۔ اس دوران لاہور انکا دوسرا گھر بن گیا ہے اور لاہور کا اُن کے دل میں خاص مقام ہے۔

چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مثالی برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے۔ چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ چینی باشندوں اور منصوبوں کو محفوظ دیکھنا اطمینان بخش ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی اور ہرممکن سہولت کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داران کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پنجاب کے تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چائنیز سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد بڑھا رہے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہر اہم موقع پر چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔

اس موقع پر چین کے ڈپٹی قونصل جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Exit mobile version