
اسلام آباد ویژن 2027 اگلے ماہ پیش کیا جائے گا: وزیر داخلہ
وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب آج قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد ویژن 2027 اگلے ماہ پیش کیا جائے گا، جس کے تحت یونیورسٹی ٹاؤن منصوبہ بھی متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی کے مرکزی دروازے کی تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے قائداعظم یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی میں بہتری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ نے یونیورسٹی کے لیے ایک علیحدہ کوآرڈینیٹر بھی مقرر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت افسران کو قائداعظم یونیورسٹی کی جانب سے ڈگریاں دی جائیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دل کے بہت قریب ہے اور یہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی مسلسل تین برس سے ملک کی بہترین جامعہ قرار دی جا رہی ہے۔













