نیسلے کا پاکستان میں مزید 60 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

عالمی غذائی کمپنی نیسلے (Nestlé) نے پاکستان میں مزید 60 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان نیسلے کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ریمی ایجل نے عالمی اقتصادی فورم (WEF) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ڈیووس میں منعقدہ ایک بزنس راؤنڈٹیبل اجلاس کے دوران کیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔

ریمی ایجل نے کہا کہ نیسلے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں میں نمایاں توسیع کرے گی، جو ملک کے ساتھ کمپنی کے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیسلے پاکستان کو علاقائی مینوفیکچرنگ اور برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جہاں سے 26 ممالک کو مصنوعات برآمد کی جائیں گی۔

انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برسوں میں پاکستان میں نیسلے کے کاروبار میں نمایاں ترقی متوقع ہے۔

نیسلے کی سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کم لاگت غذائیت، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈیری سیکٹر، مقامی سورسنگ اور برآمدات پر مبنی صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کو علاقائی پیداوار اور عالمی ویلیو چینز کے لیے ایک مسابقتی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

بزنس راؤنڈٹیبل اجلاس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، جہاں پاکستان کے اصلاحاتی سفر، سرمایہ کاری کے ماحول اور طویل المدتی ترقی کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

Exit mobile version