وزیراعظم کا بلوچستان میں تعلیم اور انفراسٹرکچر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں بلوچستان کی سیاسی قیادت سے بات چیت میں کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے صوبے میں پانچ دانش سکول قائم کئے جائیں گے۔

بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے متعلق انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی سہولت کیلئے تین سو ارب روپے کی لاگت سے چمن کراچی شاہراہ این ٹونٹی فائیو تعمیر کی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت تمام صوبوں کو فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے اجتماعی کوششوں اور باہمی مشاورت سے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت کے وزیراعلی بلوچستان کے مطالبے پر پنجاب نے این ایف سی کے اپنے حصے کے مالی وسائل میں سے بلوچستان کیلئے سالانہ حصہ مختص کردیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے گزشتہ سولہ سال کے دوران اب تک ایک سوپچھہتر ارب روپے فراہم کیے ہیں۔

 

Exit mobile version