نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی صورتحال، خصوصاً پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی رابطے کیے۔
اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِخارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔ نائب وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نے بلااشتعال جارحیت کے جواب میں نہایت محتاط مگر فیصلہ کن ردِعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے "غضبُ الحق” کے تحت کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مؤثر دفاع کیا۔
بعد ازاں نائب وزیرِاعظم نے ترکیہ کے وزیرِخارجہ ہاکان فیدان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان صورتحال سمیت علاقائی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے افغان جارحیت کا بھرپور اور مناسب جواب دیا اور مسلح افواج نے "غضبُ الحق” کے تحت کامیاب فضائی کارروائیاں انجام دیں۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن اور استحکام نہایت اہم ہیں، اور بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
