پاکستان اور چین نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف تیزی سے کارروائی کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور پولیس کے تربیتی تبادلوں کے پرو گراموں کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے بیجنگ میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ شی اوہانگ کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
دونوں جانب سے ہر تین ماہ بعد جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس بلانے اور سال میں ایک مرتبہ وزرائے داخلہ کی ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چینی وزیر داخلہ نے پاکستان میں چین کے شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے انسداد دہشت گردی اور اندرونی سیکورٹی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
محسن نقوی نے سائبر کرائمز کی سرکوبی کیلئے چین کی معاونت کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ پاکستان، نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کو مستحکم بنانے کیلئے چینی اداروں کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتاہے۔
