وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے میں جنگ کے نتیجے میں غیر معمولی معاشی مشکلات کے مقابلے کے لیے غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے اجلاس میں مریم نواز شریف نے پٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لئے سرکاری فیول بند کردیا، سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لئے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں 50 فیصد فوری کمی کردی گئی۔
اِسی طرح صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی، ناگزیر سکیورٹی کے لئے صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں ’ورک فرام ہوم‘ کا فیصلہ کیا ہے، صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں، 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، سکول اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ای بزنس اور’مریم کی دستک ‘ کے تحت سروسز جاری رہیں گی، سرکاری اُمور کی انجام دہی کے لئے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد ہوں گی، سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگا دی گئی، ہارس اینڈ کیٹل شو کا ثقافتی تہوار بھی ملتوی کر دیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لئے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا ہے، پی آئی ٹی بی کو پٹرولیم مصنوعات کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرا اور دیگر اداروں کے نمائندے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیارکرنے والی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ورک فرام ہوم کے تحت صرف اضافی سپورٹ سٹاف کی آمدورفت بند کی جا رہی ہے، دفاتر میں کام بند نہیں ہو گا، نجی سیکٹر کو ورک فرام ہوم، غیر ضروری تقریبات نہ کرنے اور صرف ضروری سٹاف بلانے کی ایڈوائزری ایشو کی جائے۔
وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے، زائد اور ناجائز کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، پنجاب میں اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی سخت نگرانی کی جائے۔
مریم نواز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بحرانی صورتحال کے پیش نظرعوام آؤٹ ڈور فنکشن نہ کریں، ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں، ضروری اشیا کی غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ نہ کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشکل ترین بحران میں جراتمندانہ فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، بہادر قومیں مشکل حالات کا اتحاد، صبر اور دانش مندی سے مقابلہ کرتی ہیں۔
