بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان میں نجی سرمایہ کاری سے پہلا پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ (PSIB) متعارف

پاکستان میں پہلی بار نجی سرمایہ کاری سے پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ (PSIB) کا اجرا کیا گیا ہے۔
اس اقدام کو وزارتِ خزانہ کی ضمانت حاصل ہے، جس کے تحت تین سالہ پروگرام کے ایک ارب روپے کے ابتدائی پائلٹ مرحلے کو فعال بنایا جائے گا، جس کا مقصد وسیع اور قابلِ توسیع فنی مہارتوں کی ترقی کا پروگرام شروع کرنا ہے۔
تقریبِ اجرا کے موقع پر سرمایہ کاری اور اجرا سے متعلق معاہدوں سمیت مالیاتی دستاویزات پر دستخط بھی کیے گئے۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، ترقیاتی شراکت داروں، نجی شعبے کے نمائندوں اور بین الاقوامی اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے مجموعی اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے اور انسانی سرمایہ حکمتِ عملی میں PSIB کی انقلابی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس دن کو تعلیم اور تربیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو ہنرمند اور دوبارہ ہنرمند بنانے میں کامیاب ہوئے بغیر آبادی کے فائدے سے مستفید نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دستخطی تقریب کو بہتر پاکستان اور بہتر مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عزم، باہمی ہم آہنگی اور دانشمندانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

اشتہار
Back to top button