پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا نوٹس لے اور کمزور طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے۔
یہ بات وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہی، جن میں بھارت میں کرسمس کے دوران توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کے خلاف تشدد پر پاکستان کے ردعمل کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم گہری تشویش کا باعث ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ کرسمس کے دوران ہونے والی قابلِ مذمت توڑ پھوڑ کے حالیہ واقعات، نیز مسلمانوں کو نشانہ بنانے والی ریاستی سرپرستی میں مہمات، جن میں ان کے گھروں کی مسماری اور بار بار ہونے والی ہجومی قتل و غارت گری شامل ہے، بالخصوص محمد اخلاق کا واقعہ، جس میں ریاست نے مجرموں کو احتساب سے بچانے کی کوشش کی، نے مسلمانوں میں خوف اور بیگانگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے متاثرین کی فہرست افسوسناک حد تک طویل ہے۔
پاکستان کا بھارت میں اقلیتوں پر مظالم پر شدید تشویش کا اظہار
