پاکستان اور یو اے ای کا دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

یہ بات آج وزیر اعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا اور اس کے بے پناہ ترقیاتی امکانات پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے خطے اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم اور صدر یو اے ای نے باہمی تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے اس دورے کے دوران وزیر اعظم کے ساتھ اہم مذاکرات کیے، جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ تعاون کے شعبوں میں حاصل پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں مزید شراکت داری کے امکانات تلاش کیے۔

اس دورے سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اس سے ان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر آج پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، جو ان کی صدر کے طور پر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان کا استقبال انتہائی گرمجوشی اور روایتی انداز میں کیا گیا۔ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر شاہی طیارے کا استقبال جے ایف-17 جنگی طیاروں کی اسکواڈرن نے کیا۔ نُور خان ایئر بیس پر صدر اور ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد کا استقبال وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ دیگر سینئر کابینہ کے ارکان اور سرکاری اہلکار بھی موجود تھے۔

Exit mobile version