واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں خصوصی کرسمس تقریب کا انعقاد

اپنی روایات کے مطابق، واشنگٹن ڈی سی میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے دوران کرسمس کیک کاٹا گیا جبکہ مسیحی عملے کے ارکان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تحائف بھی پیش کیے گئے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیر الثقافتی، کثیر لسانی اور کثیر النسلی معاشرہ ہے، جہاں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا انسانیت کے رشتوں کو مضبوط بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرسمس صرف مسیحی برادری کے لیے ہی خوشی کا موقع نہیں بلکہ یہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مسرت کا پیغام ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کے برگزیدہ پیغمبروں میں سے ایک مانتے ہیں اور ان کی ذات کو عزت و احترام کا مقام حاصل ہے، جن پر آسمانی کتاب نازل کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں نفرت انگیزی کی حوصلہ شکنی اور انسانی حقوق کے عالمی فریم ورک کے تحت مذہبی ہم آہنگی پر عالمی اتفاقِ رائے کی عکاس ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال 2026 دنیا بھر کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے، اور کرسمس کا پیغام آنے والے سالوں تک انسانیت کے دلوں میں زندہ رہے۔

Exit mobile version