صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلنے کے عہد کی تجدید کی ہے۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عزم اور سخت محنت کی یاد دلاتا ہے جس کی بدولت پاکستان معرض وجودمیں آیا۔
صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ قائد جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے کھڑے ہوئے اور یہ اقدار ہمارے قومی سفر میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں اور ہماری ترقی ، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہیں۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائد کے نظریات کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور ایک پُرامن، جامع اور روشن پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مسلح افواج کی جانب سے اپنے پیغام میں انہوں نے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور قائداعظم کے نظریات اور امنگوں کے مطابق قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے دل و جان سے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مسلح افواج نے پاکستان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی بھی دلی مبارکباد پیش کی اور ملک کی ترقی میں ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کیا۔
