حکومت ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے: وزیرِ خزانہ

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے اسپیکٹرم نیلامی سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔

یہ اعلان وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے آج ایک ٹیلی وژن پیغام میں کیا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اسپیکٹرم نیلامی سے متعلق سفارشات اب منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی جنوری کے اختتام یا فروری کے آغاز تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کی 24 کروڑ آبادی صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم استعمال کر رہی ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی میں مسائل اور دباؤ کا سامنا ہے۔

شزا فاطمہ کے مطابق اسی ضرورت کے پیشِ نظر 600 میگا ہرٹز کے نئے اسپیکٹرم کا اجرا ناگزیر تھا، جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اسپیکٹرم نیلامی ہوگی۔ اس اقدام سے نہ صرف تھری جی اور فور جی سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جلد شروع کیے جانے والے کنیکٹ 2030 منصوبے کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں صارفین کو کم از کم 100 ایم بی پی ایس انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی فراہم کی جائے گی۔

Exit mobile version