
خواجہ آصف کا پاکستان،سری لنکا تعلقات مزید مضبوط بنانے پرزور
پاکستان اور سری لنکا نے جاری دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ اظہار وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور سری لنکا کے ہائی کمشنر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل Fre Seneviratne کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات میں کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اہم مسائل اور علاقائی تناظر میں یکساں نقطہ نظر کے پیش نظر دونوں ممالک کو کثیر جہتی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان سری لنکا کو ایک اہم علاقائی ملک سمجھتا ہے جو علاقائی اور عالمی امن کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام اور حمایت کرتا ہے۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی بروقت انسانی امداد اور مدد پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے انسداد دہشت گردی میں کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔













