
حکومت پنجاب نے محکموں میں ہونے والی کرپشن اور کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا سخت کر دیا
پنجاب کابینہ نے شفافیت، تعلیم، ٹیکنالوجی، صحت، انفراسٹرکچر، نوجوانوں کی ترقی، روزگار اور عوامی سہولت کے بڑے فیصلے کر لیے۔حکومت پنجاب نے محکموں میں ہونے والی کرپشن اور کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا سخت کر دیا، پنجاب میں تین ماہ میں ہر محکمے کی مکمل انکوائری مکمل ہوگی، کرپشن صفر اور جوابدہی یقینی ہوگی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 31 واں اجلاس ہوا جس میں تاریخی فیصلے کئے گئے ہیں، پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کا نیا باب،راولپنڈی میں پنجاب کا دوسرا آئی ٹی سٹی بنے گا۔
پنجاب کے نوجوانوں کو پروفیشنلز بنا کر روزگار اور ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لئے ایک سال میں 2300 نوجوانوں کو سکل پروفیشنلز بنانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔صوبائی کابینہ نے جدید ٹریفک لائٹس سے لاہور میں ٹریفک کا نظام بدلنے کی منظوری دے دی، پنجاب میں زیبرا کراسنگ کے ذریعے سڑکیں محفوظ بنائی جائیں گی، شہری زندگی کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ہر شہر کی ہر روڈ کے گڑھوں کو پُر کیا جائے گا، مرمت بھی ہوگی۔
پنجاب میں امتحانات اب شفاف اور معیار کے مطابق ہونگے، پہلی خودمختار امتحانی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہیڈ ٹیچرز کے الاؤنس میں اضافہ اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہیڈ ٹیچر کے لئے الاؤنس پانچ ہزار سے 10 ہزار کر دیا۔
لائیو سٹاک کو کمپنی بنا کر مویشی ایکسپورٹ کرنے کا ہدف دے دیا گیا، ٹریفک قواعد کی پاسداری کو عزت، غیر قانونی لائٹس سے روکنے والے وارڈن کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا فیصلہ کیا گیا۔
گندم کاشت کا ہدف بروقت اور دوسرے صوبوں سے پہلے پورا کرنے پر وزیر زراعت اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی گئی، پی ایچ اے لاہور کو شاندار کارکردگی پر شاباش مل گئی، مذہبی رہنماؤں کی قدر اور کمیونٹی کی خدمت کو فروغ کیلئے امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ دینے کی پالیسی منظور کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک پائی کی کرپشن برداشت نہیں کر سکتی، سرکاری خزانہ عوام کی امانت ہے، کسی کرپشن کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی، فنڈز کے استعمال پر ہم سب اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں۔
اجلاس میں سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور ڈیپارٹمنٹ کے سٹرکچرپلاننگ یونٹ میں 24 خالی آسامیوں پر بھرتی، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مختلف میڈیکل انسٹی ٹیوشنز میں عارضی بھرتیوں میں پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
فاریسٹری، وائلڈ لائف، فشریز ڈیپارٹمنٹ میں فاریسٹر، فاریسٹ گارڈ اور ڈرائیور کی خالی آسامیوں کی بھرتی کے لئے پابندی میں نرمی، پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کے سٹاف کی بھرتی کے لئے پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز میں بھرتیوں میں پابندی میں نرمی، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے چیئرپرسن، سیکرٹریز اور کنٹرولر کی تعیناتی اور سپیشلا ئزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے مختلف ادارو ں میں ہیلتھ کیئر پروفیشنل کی ایڈہاک بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں نئے میڈیکل انسٹی ٹیوٹس کے بورڈ آف گورنرز کی منظور شدہ کلینیکل اور نان کلینیکل آسامیوں پر بھرتی کے لئے پابندی میں نرمی کی منظوری، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے نئے اداروں میں گریڈ 5سے گریڈ 15تک نان گزٹیڈسٹاف کی بھرتی کی اجازت دی گئی۔
چیچہ وطنی، کمالیہ، پیر محل، شور کوٹ 46 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع، ہولی فیملی ہسپتال فیصل آباد کے لئے درکار ضروری آلات کی خریداری، 100 بیڈز مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال مری کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔
گوجرانوالہ میں مریم نوازانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام، چیف منسٹر پنجاب لائیوسٹاک ای کریڈٹ سکیم، ضلع قصور کی 66 ڈویلپمنٹ سکیمیں اے ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری اور واٹر سرویلنسز پراجیکٹ اے ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔













