پاکستان کی کدوگلی میں اقوامِ متحدہ کے امن دستے پر حملے کی شدید مذمت

پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوامِ متحدہ کے امن دستے پر ہونے والے سفاکانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے چھ امن اہلکار شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس المناک واقعے پر حکومتِ بنگلہ دیش اور اس کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے امن دستے عالمی سطح پر تنازعات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور امن کے فروغ کے لیے صفِ اول میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے امن اور علاقائی استحکام کے لیے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان بلیو ہیلمٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اس بزدلانہ حملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ اقوامِ متحدہ کے تمام امن اہلکاروں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version