بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیراعظم کی بجلی کی تقسیم و پیداوار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں تیزی کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم اور پیداوار سے وابستہ کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کے ذریعے مسابقتی بجلی مارکیٹ کا قیام ہی ملک کے توانائی مسائل کا واحد پائیدار حل ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پاور سسٹم کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی، جس میں نجی شعبے کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار، ترسیل، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) اور جنریشن کمپنیوں (جینکوز) کی نجکاری اور بجلی کے شعبے میں جاری دیگر اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
بتایا گیا کہ آئیسکو، فیسکو اور گیپکو سمیت تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور جلد ہی اظہارِ دلچسپی (EOI) جاری کر دیے جائیں گے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ترسیلی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 500 کے وی غازی بروتھا–فیصل آباد ٹرانسمیشن لائن کے پی سی ون کی منظوری کے مراحل جاری ہیں۔ درآمدی کوئلے سے تھر کے کوئلے پر پاور پلانٹس کی منتقلی کی تکنیکی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ تھر کوئلہ پاور پلانٹس تک پہنچانے کے لیے ریلوے لائن پر کام جاری ہے۔اجلاس میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے فعال نفاذ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ مسلسل اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں لائن لاسز میں کمی آئی ہے۔ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم منصوبے کی کانسیپٹ کلیئرنس کی منظوری دی جا چکی ہے اور اس کی فزیبلٹی اسٹڈی پر کام جاری ہے۔

اشتہار
Back to top button