صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سڈنی کے علاقے بانڈی بیچ میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔
صدرِ مملکت نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں، جن میں فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کے ناسور سے شدید متاثر رہا ہے، اس لیے ایسے حملوں سے پیدا ہونے والے دکھ، صدمے اور اذیت کو بخوبی سمجھتا ہے جو معاشروں کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں۔
انہوں نے معصوم شہریوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا۔
