فخرِ پاکستان: ڈار سسٹرز نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں ویٹ لفٹنگ کے دو طلائی تمغے جیت لیے

پاکستان کی باصلاحیت ویٹ لفٹر بہنوں شفَق وحید ڈار اور خدیجہ وحید ڈار نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویٹ لفٹنگ میں دو طلائی تمغے اپنے نام کر لیے۔ دونوں کھلاڑیوں نے واپڈا اور پاک فوج کی نمائندگی کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

شفَق وحید ڈار، معروف سابق ویٹ لفٹر وحید احمد ڈار کی صاحبزادی ہیں، جنہوں نے 48 کلوگرام کیٹیگری میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے اسنیچ میں 60 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 82 کلوگرام وزن اٹھایا، جبکہ مجموعی طور پر 142 کلوگرام کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

دوسری جانب خدیجہ وحید ڈار نے 64 کلوگرام کیٹیگری میں پاک فوج کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اسنیچ میں 73 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 96 کلوگرام وزن اٹھایا اور 169 کلوگرام کے مجموعی وزن کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

دونوں بہنوں نے اپنی کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین نے انہیں محنت، اعتماد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی تربیت دی، جس کا ثمر آج ان کی کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر انہیں بین الاقوامی سطح پر بہتر تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے لیے تمغے جیتیں گی۔

قابلِ ذکر ہے کہ شفَق وحید ڈار اس سے قبل 2021 میں لاہور میں منعقدہ 5ویں نیشنل ویمن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں دو قومی ریکارڈز کے ساتھ طلائی تمغے، 2023 میں کوئٹہ میں ہونے والے 34ویں نیشنل گیمز میں تین قومی ریکارڈز کے ساتھ طلائی تمغے، جبکہ 2024 میں لاہور میں منعقدہ 6ویں نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی تین قومی ریکارڈز قائم کر چکی ہیں۔

اسی طرح اپنی بڑی بہن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خدیجہ وحید ڈار نے 5ویں نیشنل ویمن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں 64 کلوگرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ، جبکہ 34ویں نیشنل گیمز کوئٹہ اور 6ویں نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ لاہور 2024 میں قومی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغے حاصل کیے۔

ڈار سسٹرز کی اس شاندار کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے اور امید ہے کہ یہ باصلاحیت کھلاڑیاں مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کا نام روشن کریں گی۔

Exit mobile version