
پاکستان افغانستان سے سرحدپار سے دہشتگردی روکنے کی تحریری یقین دہانی چاہتا ہے،دفترخارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے افغان قیادت کی جانب سے تحریری یقین دہانی کیلئے پاکستان کے مطالبے کو دہرایا ہے کہ دہشت گرد گروپ افغان سرزمین پاکستان کے اندر حملے کرنے کے لئے استعمال نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہ کرنے سے متعلق افغان علماء کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ افغان قیادت یا معاشرے کی جانب سے یہ تسلیم کرنا کہ ان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کو دوام بخشنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے، ایک مثبت پیش رفت ہے اور یقیناً اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں بھی ایسے ہی وعدے کیے گئے ہیں لیکن ان کا احترام نہیں کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ قرارداد مکمل تحریری یقین دہانی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ برادر افغان عوام سے ہماری وابستگی اوران کی فکرکے پیش نظر پاکستان افغانستان کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔











