
وزیراعظم کا ملکی ترقی کے لیے انتھک اور متحد کوششوں کے عزم کا اظہار
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے انتھک محنت اور قومی یکجہتی کے ساتھ کام کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔
وہ آج گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کی سنگِ بنیاد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے تین برسوں میں ملک کو آگے لے جانے کے لیے پوری محنت سے کام کیا جائے گا اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ملک بھر میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
گوجرانوالہ کے ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت کا یہ تحفہ پورے ضلع کی تقدیر بدل دے گا اور جدید سفری سہولیات شہریوں کو اپنی منزل تک بروقت پہنچنے میں مدد فراہم کریں گی۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پنجاب میں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے نیٹ ورک، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں شروع کیے گئے منصوبے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بتایا کہ 31.2 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ میٹرو بس کوریڈور بارہ ماہ میں تریسٹھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں فیصل آباد میں بھی ایک نیا میٹرو منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے کے کسانوں، محنت کشوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔













