بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارتی وزیرِ دفاع کے بیان کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

قومی اسمبلی نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے۔ بھارتی وزیر دفاع نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ ایک دن پھر بھارت کا حصہ بن جائے گا۔

قرارداد اسد عالم نیازی نے پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات تاریخی لحاظ سے غلط، سیاسی طور پر غیرذمہ دارانہ اور خطے کے تسلیم شدہ جغرافیائی و سیاسی حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہیں۔

ایوان نے کہا کہ سندھ خودمختار ریاست پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تمام افراد اور ادارے گمراہ کن، متعصبانہ اور عدم استحکام کا باعث بننے والے بیانات دینے سے باز رہیں۔

ایوان میں آج چار بل پیش کئے گئے جن میں کراچی پورٹ ٹرسٹ ترمیمی بل دوہزار پچیس، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزنز ترمیمی بل دوہزار پچیس، نیشنل فنڈفار کلچرل ہیرٹیج ترمیمی بل دوہزار پچیس اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ ترمیمی بل دوہزار پچیس شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے پانچ نئے منتخب ارکان نے اپنے عہدوں کاحلف اٹھایا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔

اشتہار
Back to top button