
حسنِ قرأت کے مقابلوں سے نوجوانوں میں قرأت سیکھنے کا جذبہ بھی بڑھے گا، قاری سید صداقت علی
اسلام آباد (سی این پی) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ او آئی سی کے 40 ممبر ممالک کے قراء حضرات کے درمیان انٹرنیشنل مقابلہ حسنِ قرأت 24 نومبر سے 29 نومبر تک کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ مقابلوں میں 25 تا 35 برس کے مرد حضرات حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ یہ مقابلے دو حصوں پر مشتمل ہوں گے۔ پہلے حصے میں 24 سے 27 نومبر تک مقابلوں میں پہلی تین پوزیشنز کا فیصلہ کیا جائے جبکہ دوسرے حصے میں 29 نومبر کو تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوگی۔
اس بات کا اعلان پاکستان کے نامور قاری اور وزارتِ مذہبی امور کے کوآرڈینیٹر سید صداقت علی نے وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ او آئی سی کے چالیس سے زائد ممبر ممالک کے قراء کے درمیان انٹرنیشنل مقابلہ حسنِ قرأت منعقد ہونے جارہا ہے۔ عالمی سطح پر ایسے مقابلے ہوتے رہتے ہیں، حکومتِ پاکستان نے فیصلہ کیا کہ پاکستان میں بھی یہ مقابلے کروائے جائیں۔
ان مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان مقابلوں میں شرکت کے لیے او آئی سی کے چالیس سے زائد ممالک کے قراء حضرات پاکستان آرہے ہیں۔ حسنِ قرأت کے مقابلے 24 سے 29 نومبر تک جاری رہیں گے۔ یہ مقابلے چاروں دن کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوں گے۔ حسنِ قرأت کے مقابلوں سے نوجوانوں میں قرأت سیکھنے کا جذبہ بھی بڑھے گا۔ حسنِ قرأت مقابلوں میں حصہ لینے کی عمر پچیس سے پینتیس سال ہے۔ وزیرِ اعظم پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ان مقابلوں کے بعد نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
اس موقع پر وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم نے بتایا کہ پاکستان میں یہ حسنِ قرأت کے بین الاقوامی مقابلے ہونے پر سید صداقت کا اہم کردار ہے۔ حسنِ قرأت کے مقابلے میں 3 انٹرنیشنل ججز شامل ہوں گے جبکہ پاکستان کے بھی پانچ ججز اس حسنِ قرأت مقابلے میں ہوں گے۔ قاری صداقت علی بھی حسنِ قرأت کے ان مقابلوں میں بطور جج شامل ہوں گے۔ یہ مقابلے دو حصوں پر مشتمل ہیں۔ پہلے حصے میں 24 سے 27 نومبر تک پہلی تین پوزیشن ہولڈرز کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ 29 نومبر کو تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں جیتنے والوں میں نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔













