
عبدالصمد انقلابی کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے نمائندہ عبدالمجید لون نے اخبارات کے نام ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چئیرمین عبدالصمد انقلابی کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی سخت مذمت کی۔
عبدالمجید لون نے کہا کہ تنظیم کے چئیرمین اور دوسرے اہل خانہ کو سخت ہراساں کیا گیا۔ پولیس نے عبدالصمد انقلابی سے کہا کہ آپ کے بیانات پاکستانی میڈیا پر گردش کرتے نظر آرہے ہیں اور آپ نے سکولوں میں وندے ماترم پڑھانے کی سخت الفاظ میں مذمت اور مخالفت کی ہے۔ پولیس نے اسلامی تنظیم آزادی کے چئیرمین عبدالصمد انقلابی سے کہا ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان اور آزادی کے حوالے سے آپ انتہاپسندانہ موقف پر قائم ہیں اور اس معاملے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہم کی ایک ویڈیو بنانا چاہتے ہیں گے جس میں آپ مسئلہ کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے کھل کر اپنا موقف پیش کرنا ہوگا کہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کے تین فریق ہیں اور اس ریکارڈنگ میں آپ نے یہ نعرہ بھی لگانا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔
یاد رہے کہ عبدالصمد انقلابی جیل کے اندر ہوں یا باہر، آج تک ان کے اس موقف میں ذرہ برابر کمی نہیں دیکھی جاسکی ہے۔ بھارتی حکام اسلامی تنظیم آزادی کے چئیرمین عبدالصمد انقلابی سے اس سخت موقف سے تنگ آکر یہ ساری کارروائی علیل عبدالصمد انقلابی کو عمر قید کی سزا دینے کے لئے کررہے ہیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک توانا آواز کو ہمیشہ کے لئے خاموش کیا جائے۔
عبدالمجید لون نے عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی روکنے کے لئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کا پابند بنائیں تاکہ خطے میں امن و استحکام لایا جائے۔













