بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ویمنز ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیکر پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی

جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے گوہاٹی میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے  پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ویمنز ٹیم  کو 125 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کی، اور کپتان لورا وولورڈٹ نے شاندار 169 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 143 گیندیں استعمال کیں۔

ان کے شاندار کھیل کی بدولت ٹیم نے 50 اوورز میں 319/7 رنز بنائےجبکہ تازمن برٹس نے 45 اور کیپ نے 42 رنز کے ساتھ بھرپور ساتھ دیا۔ چلوئے ٹرایون نے اننگز کے آخری حصے میں 33 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔ انگلش باؤلرز میں صوفی ایکلسٹون نے 4/44 کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھائی۔

انگلینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز تباہ کن ، جہاں ماریزان کیپ نے پہلے اوور میں ہی دو اہم وکٹیں گرا دیں۔ ایابونگا کاکا نے اگلے اوور میں مزید ایک وکٹ لے کر انگلینڈ کو ابتدائی دباؤ میں ڈال دیا۔ کپتان نٹ سکائیور-برنٹ اور ایلس کیپسی نے چوتھی وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن جلد ہی انگلینڈ کی مزاحمت ٹوٹ گئی۔ آخرکار انگلینڈ کی ٹیم 43ویں اوور میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ماریزان کیپ نے 5/20 اور نادین ڈی کلرک نے 2/24 کے ساتھ شاندار باؤلنگ کی۔

فاتح ٹیم کی کپتان اور پلیئر آف دی میچ  لورا وولورڈٹ نے کہا کہ پہلی بار ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنا ان کے لیے اور ٹیم کے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی اور باہمی شراکت نے فتح میں اہم کردار ادا کیا، اور کیپ کی شاندار باؤلنگ نے دباؤ کم کیا۔

اشتہار
Back to top button