بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار کا نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے کے تزئین و آرائش شدہ قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح

ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں قائم پاکستان کے تاریخی قونصل جنرل آفس کے تزئین و آرائش شدہ قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح کیا۔

واضح رہے کہ نیویارک میں پاکستان کا قونصل خانہ 1948 میں قائم کیا گیا تھا، اور یہ امریکا میں پاکستانی سفارتی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو عزت، مؤثر خدمات اور سہولتوں کی فراہمی پاکستان کے سفارتی مشنز کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام، مشنز سے ویڈیو لنک کے ذریعے شہادت کا اندراج، مقدمات کی ای فائلنگ، ٹیکس و بینکاری میں سہولت، جامعات اور میڈیکل کالجوں میں خصوصی کوٹہ، پنجاب و بلوچستان میں سہولت مراکز کا قیام، ایئرپورٹس پر گرین چینل کی بحالی، اور 126 ممالک کے لیے ویزا پالیسی میں "وِزا پائر ٹو ارائیول” کی سہولت شامل ہیں۔

ڈپٹی پرائم منسٹر نے نیویارک میں تعینات قونصل جنرل عامر احمد آتوڑزئی اور ان کی ٹیم کو قونصل خانے کی تاریخی عمارت کی بحالی اور اس دوران کمیونٹی کو بلا تعطل خدمات فراہم کرنے پر سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد آتوڑزئی نے ڈپٹی پرائم منسٹر کی آمد اور راہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور قونصل خانے کی جانب سے کمیونٹی کی سہولت کے لیے کی گئی متعدد نئی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ قونصل خانے میں 24 گھنٹے ہنگامی ہیلپ لائن، پنجاب لینڈ ریکارڈ کا علیحدہ کاؤنٹر، جدید ٹیلیفون ایکسچینج و کال مینجمنٹ سسٹم، نئی ویب سائٹ، نادرا ڈیسک، آن لائن پاور آف اٹارنی، آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم، باقاعدہ ای-کچہریاں، کمیونٹی ٹاؤن ہال اجلاس، اور ثقافتی و معاشی روابط کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔

تزئین و آرائش شدہ قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کو بہترین ممکنہ خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔

اشتہار
Back to top button