بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات۔ملاقات کے بعد جاری تصاویر میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ٹرمپ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ایک گروپ فوٹو کے دوران ٹرمپ نے اپنے مخصوص انداز میں انگوٹھا بلند کرنے کا اشارہ بھی دیا۔یہ ملاقات واشنگٹن کے وقت کے مطابق شام 4:30 بجے (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے) شیڈول تھی، لیکن اس میں تقریبا 30 منٹ کی تاخیر ہوئی کیونکہ امریکی صدر ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ اور 20 منٹ جاری رہی۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔وائٹ ہاؤس پریس پول کی تصاویر میں وزیرِاعظم شہباز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دکھایا گیا ہے، جو اوول آفس میں انتظار کر رہے ہیں، جبکہ امریکی صدر ٹرمپ اپنی مصروفیات ختم کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا باضابطہ دو طرفہ رابطہ ہے، یہ ملاقات سابق وزیرِاعظم عمران خان کی جولائی 2019 میں ٹرمپ سے پہلی مدت کے 6 سال بعد ہوئی۔

قبل ازیں، سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا گیا، امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے وزیراعظم کا ایئربیس پر استقبال کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایک ’عظیم رہنما‘ وائٹ ہاؤس آ رہے ہیں۔

اشتہار
Back to top button