
ایشیا کپ 2025ء، پاکستان بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان کے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ اوورز 20 میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بناسکی۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلادیش کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے والے پلیئر ہی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔بنگلادیش کے خلاف پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور ایک کے بعد ایک بیٹر آؤٹ ہوتا گیا ۔49کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔اوپنر صاحبزادہ فرحان 4 اور صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے۔صائم ایشیا کپ 2025 میں چوتھی بار صفر پر پویلین لوٹے ۔
پاکستا کی تیسری وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری ،وہ بھی 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے جبکہ حسین طلعت صرف 3 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔پاکستان کی پانچویں وکٹ کپتان سلمان علی آغا کی صورت میں گری، وہ 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد شاہین آفریدی 19،محمد حارث 31 اور محمد نواز 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف 14 اور حارث رؤف3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مہدی حسن اور رشاد حسین نے2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں۔63 کے مجموعی اسکور پر آدھی بنگلادیشی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
شاہین نے پرویز حسین کو صفر اور توحید کو 5 رنز پرپویلین بھیجا جبکہ سیف حسن 18 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے جبکہ مہدی حسن 11 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔اس کے بعد نور الحسن 16، جاکر علی 5 اور شمیم حسین 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر 4 کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ سری لنکا پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔