
سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ، این ڈی ایم اے متحرک
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کی بھرپور نگرانی کر رہی ہے، تاکہ متاثرین کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا اور جاری امدادی اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران چیئرمین نے قائم کردہ امدادی کیمپس، طبی سہولیات اور خیمہ بستیوں کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت اور ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور بحالی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ خیمہ بستیوں میں بنیادی ضروریات، طبی امداد، خوراک اور صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کا خلل نہ آنے دیا جائے۔
این ڈی ایم اے نے فلاحی تنظیموں، مخیر حضرات اور تمام متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کی ہے، تاکہ وسائل کو منظم انداز میں متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا سکے۔
اتھارٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ علاقوں کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق امدادی سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔