
پاکستان، ترکی کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکی کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا خواہاں ہے۔یہ بات انہوں نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہی۔
نائب وزیراعظم نے شام کے صدر احمد الشراع سے بھی ملاقات کی اور شامی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، انسانی وسائل، اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کویت کے وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔