بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی او آئی سی اور اقوامِ متحدہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اپیل

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات کے تناظر میں امن و رواداری کے فروغ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوامِ متحدہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ نیویارک میں منعقدہ "امن و رواداری” سے متعلق او آئی سی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جو حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500ویں سال کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ او آئی سی اور اقوامِ متحدہ کو بین المذاہب و بین الثقافتی مکالمے کے فروغ، مقدس مقامات اور مذہبی علامات کے تحفظ، اور ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، اور قیامِ امن کے عمل میں خواتین و نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانیت کی فلاح کے لیے زکوٰۃ اور وقف جیسے اسلامی فلاحی نظاموں کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی امداد کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے حضور اکرم ﷺ کی عالمگیر تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے "میثاقِ مدینہ” کو بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمے اور باہمی احترام کی ایک تاریخی مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات—جو عدل، رواداری اور امن پر مبنی ہیں—اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی روح سے مکمل ہم آہنگ ہیں اور آج کی دنیا میں ان کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

اشتہار
Back to top button