
کورین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، ایگا شویانٹیک نے فائنل میں ایکاٹیرینا الیگزانڈرووا کو شکست دیدی
سیول میں منعقد ہونے والے کورین اوپن 2025 کے فائنلز شائقین ٹینس کے لیے سنسنی خیز اور یادگار ثابت ہوئے، جہاں پولینڈ کی عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایگا شویانٹیک اور چیک ریپبلک کی معروف جوڑی باربورا کریجچکووا اور کیٹیرینا سینیاکووا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے کیٹیگریز میں ٹائٹل اپنے نام کر لیے۔
خواتین سنگلز فائنل میں ایگا شویانٹیک نے روسی کھلاڑی ایکاٹیرینا الیگزانڈرووا کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6-7، 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود ایگا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹس جیت کر اپنا تیسرا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل اس سال کے لیے حاصل کر لیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی مہارت، ذہنی پختگی اور فٹنس کا ثبوت ہے بلکہ پولینڈ کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔
دوسری جانب خواتین ڈبلز فائنل میں چیک ریپبلک کی جوڑی کریجچکووا/سینیاکووا نے امریکی اور آسڑیلوی کھلاڑیوں الیشا جوائنٹ اور کیٹی میک نالی کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 7-6 (ٹائی بریک) سے شکست دی۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد چیک جوڑی نے بہترین ہم آہنگی اور تجربے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا سیٹ ٹائی بریک میں جیتا اور یوں فتح اپنے نام کی۔ یہ ان کا گزشتہ 14 ماہ میں پہلا مشترکہ ٹائٹل ہے، جو ان کے دوبارہ فارم میں واپسی کا اشارہ ہے۔