
اوورسیز پاکستانی معیشت کے معمار اور قومی وقار کے سفیر ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی انتھک محنت اور قربانیوں نے نہ صرف ملکی معیشت کو سہارا دیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند کیا۔
لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستانی تارکین وطن نے گزشتہ برس 38 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جو ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے "پہلگام واقعے” کے بعد بھارت کے ساتھ پیش آنے والی حالیہ کشیدگی اور "معرکۂ حق” اور "آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستان کی تاریخی فتح کا ذکر کرتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے انکار کر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جس پر پاکستان کو جوابی کارروائی کرنا پڑی اور پاک فضائیہ نے بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کر دیے۔
وزیراعظم نے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی یکجہتی، ایمان، اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت نے یہ شاندار کامیابی ممکن بنائی۔ انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے امن اور مذاکرات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر برابری کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں تاریخ کی بدترین بربریت قرار دیا اور مسلم اُمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کرے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کو خودانحصاری اور پائیدار ترقی کی بنیاد پر ایک مضبوط اور قرض سے آزاد معیشت میں تبدیل کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کریں تاکہ عالمی معیشت کا حصہ بن سکیں۔