بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور چین کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نوجوانوں میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے: صدر زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دیرپا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نوجوانوں اور تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری نہایت اہمیت کی حامل ہے۔وہ چین کے خودمختار علاقے سنکیانگ میں واقع کاشغر یونیورسٹی کے دورے کے دوران طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ صدرِ مملکت نے تعلیمی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے میں نوجوان نسل کے کردار کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کاشغر یونیورسٹی کو پاکستان سے قریب ترین چینی تعلیمی ادارہ قرار دیتے ہوئے اسے پاک-چین علمی و ثقافتی تبادلے کا ایک مؤثر پل قرار دیا۔ صدر زرداری نے یونیورسٹی میں سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت، سماجی علوم، فنون، ثقافت، موسیقی اور رقص سمیت مختلف شعبوں میں تعلیمی خدمات کو سراہا۔

صدرِ مملکت نے یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء سے بھی ملاقات کی، جن میں زیادہ تر کا تعلق گلگت، ہنزہ، دیر اور چترال سے تھا۔ انہوں نے طلباء سے تعلیمی معیار اور رہائش کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔

طلباء نے بتایا کہ ان کی تعلیم اور رہائش کے تمام اخراجات چینی حکومت برداشت کر رہی ہے، جب کہ کھانے پینے اور دیگر ضروریات کے لیے انہیں وظائف بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ صدرِ مملکت نے طلباء پر زور دیا کہ وہ دلجمعی سے تعلیم حاصل کریں اور پاک-چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر صدر زرداری کو یونیورسٹی کی تاریخ، ترقی اور فعالیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ یہ ادارہ تعلیم اور ثقافتی تبادلے کا ایک علاقائی مرکز بن چکا ہے۔

انہیں یونیورسٹی میں قائم “چین-پاکستان اقتصادی راہداری مرکز” کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تحقیق اور تعاون کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہے۔

 

اشتہار
Back to top button