
سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری، این ڈی ایم اے کا پنجاب کو مزید سامان روانہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
ان کوششوں کے تحت پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں مزید امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب کے تعاون سے ضلع خانیوال کے سیلاب متاثرین کے لیے 1,000 خیمے فراہم کیے ہیں۔
670 خیموں پر مشتمل پہلا قافلہ سکھر سے 13 ٹرکوں کے ذریعے روانہ کیا گیا، جبکہ 330 خیمے اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے مرکزی گودام سے 5 ٹرکوں کے ذریعے خانیوال بھیجے گئے۔
اب تک این ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب کو مجموعی طور پر 2,270 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے، جس میں خیمے، کمبل، مچھر دانیاں، واٹر فلٹریشن پلانٹس، رضائیاں، فولڈنگ بیڈز، پانی کے کین اور 17 ریسکیو کشتیاں شامل ہیں۔
پورے پنجاب میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 36,000 خیمے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں جاری تمام امدادی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں تک بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔