
چین کی اقتصادی ترقی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ ہے: صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج شام کاشغر میں نائب گورنر سنکیانگ اور کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری نی زوانگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چینی شہروں میں ہونے والی بے مثال ترقی دیکھ کر نہایت متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی اقتصادی بلندی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ ہے جس نے ملک کو عالمی طاقت بنا دیا ہے۔استقبالیہ کلمات میں نی زوانگ نے پاکستان اور کاشغر کے عوام کے درمیان صدیوں پر محیط تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ کاشغر پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے تجارت، ثقافت اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس عشائیے میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے بھی شرکت کی۔