
پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر مضبوط مقام حاصل کر لیا
پاکستان نے کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں عالمی سطح پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے ایک نئی پہچان بنالی ہے۔ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے بعد ملک نے کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی نگرانی اور ریگولیشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جو ڈیجیٹل فنانس کے میدان میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب کے مطابق پاکستان کی کرپٹو پالیسی عالمی وژن کی پیروی کرتے ہوئے نئے بین الاقوامی اقتصادی مواقع کھول رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو مستقبل کی عملی سرمایہ کاری کی علامت ہے۔
بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ پاکستان آخرکار عالمی جدت کے میدان میں ایک فعال شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ان کے مطابق بین الاقوامی جریدے فائنینشل ٹائمز نے بھی پاکستان کی کرپٹو حکمتِ عملی اور اس شعبے میں تیز رفتار پیش رفت کو سراہا ہے، جو ملک کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دیگر ممالک، بشمول سوئٹزرلینڈ اور ایل سلواڈور، کے ساتھ بٹ کوائن ریزرو کو قانونی ٹینڈر کے طور پر اپنایا ہے، جس سے ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو رہی ہے۔