
قومی
کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات ترجیحی بنیادوں پر بحال کیے جائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
بری فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یقین دلایا ہے کہ دربار صاحب کرتارپور سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر ان کی اصلی حالت میں مکمل بحال کیا جائے گا۔انہوں نے سیالکوٹ، شکر گڑھ، نارووال اور کرتا رپور سمیت پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے میں متاثرہ سکھ برادری سے گفتگو کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے۔سکھ برادری نے اس قدرتی آفت کے دوران شہری انتظامیہ اور فوج کی طرف سے خدمات کی فراہمی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔اس دورے کا مقصد سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔انہیں موجودہ صورت حال اور بارشوں کے اگلے سلسلے کے لئے تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔