بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 کان کن جاں بحق

مچھ کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں۔ چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے میڈیا کو  بتایا کہ حادثہ پرائیویٹ مائن میں پیش آیا، جہاں کوئلے کی کان کے اندر جمع پانی کو نکالنے کے لیے کان کن اندر گئے۔زہریلی گیس سے بچاؤ کے لیے ضروری انتظامات نہ ہونے کے بعد تینوں کان کن بے ہوش ہوکر وہیں گرگئے، جہاں ان کی موت واقع ہوئی۔

چیف مائنز انسپکٹر نے مزید بتایا کہ محکمہ مائنز کی جانب سے متاثرہ کان کا معائنہ کیا گیا، جہاں کان کنوں کے بچاؤ کےلیے ضروری اقدامات نہ ہونے کے باعث اسے سیل کر دیا گیا۔عبدالغنی کے مطابق کان میں حفاظتی انتظامات اور ضروری سامان نہ ہونے پر محکمہ مائنز کی مدعیت میں مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی اطلاع گزشتہ شب ملی تھی، جس کے بعد محکمہ مائنز کے عملے نے موقع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لیں اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں سے 2 کا تعلق کوئٹہ کے علمدار روڈ جبکہ تیسرا ہزارہ ٹاؤن کا رہائشی تھا۔

اشتہار
Back to top button