
صدر، وزیراعظم کا اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کے اپنے عہد کی تجدید کی ہے۔پیر کو منائے جانے والے قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کی جانب سے زندگی کے ہر شعبے میں کی جانے والی ناقابل فراموش خدمات کو اپنا قومی اثاثہ سمجھتا ہے۔
صدر نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور آگے بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی تعمیر میں ہماری اقلیتی برادریوں کے تعاون کو تسلیم کرنے کا بھی موقع ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اقلیتوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت میں لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت اقلیتوں کو سرکاری اداروں، پارلیمنٹ اور قومی دھارے میں مکمل طور پر شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو اتحاد و یکجہتی، باہمی احترام اور رواداری پر عمل کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کی ضرورت ہے۔