
نیول چیف کو ترکی کی جانب سے معزز "لیجن آف میرٹ” ایوارڈ دیا گیا
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ترکی کے دورے کے دوران ترک مسلح افواج کی جانب سے معزز "لیجن آف میرٹ” ایوارڈ حاصل کیا ہے۔یہ ایوارڈ ترک نیول فورسز کے کمانڈر ایڈمرل ارکمنٹ تاتلی اوغلو نے ایڈمرل نوید اشرف کی دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا۔ایڈمرل نوید اشرف کی ترکی آمد پر ترک نیول فورسز ہیڈکوارٹرز میں ان کا گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا اور بعد ازاں انہوں نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دورے کے دوران، نیول چیف نے وزیرِ دفاع یاسر گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل میتین گورک اور ترک نیوی کے کمانڈر ایڈمرل قادر یلڈز سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں علاقائی بحری سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے مسلح افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں، باہمی دوروں، تربیتی اور تبادلہ پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔بعد ازاں، نیول چیف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شپ یارڈ کے کمانڈر سے ملاقات کی اور پاکستان نیوی کے "میلگیم” منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے گولچوک نیول بیس کا بھی دورہ کیا جہاں جدید سب میرین ڈیزائن اور تعمیراتی سہولیات دیکھی گئیں۔ایڈمرل نوید اشرف نے ترک بحری جہاز TCG ORUCREIS اور S/M PIRIREIS کا بھی دورہ کیا اور ترکی کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے شمالی سمندر کے کمانڈر سے ملاقات کی اور ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کی مزار پر پھول چڑھائے۔یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ دونوں ممالک کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک روابط ہیں۔